
چین کے شہر چنگدو میں امریکی قونصل خانے کی عمارت بند کر دیئے جانے کے بعد قونصل خانے کی عمارت سے امریکی پرچم اتار دیا گیا ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے سیچوآن کے صدر مقام چنگدو میں امریکی قونصل خانے کی عمارت سے امریکی پرچم اتار دیا گیا۔ چنگدو میں امریکی قونصل خانہ بند ہو جانے کے بعد اس عمارت کے اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
چین کی جانب سے یہ اقدام امریکی شہر ہیوسٹن میں چین کا قونصل خانہ بند کئے جانے کے بعد عمل میں لایا گیا اور امریکی سفارت کاروں کو جمعے تک قونصل خانہ بند کرنے کی مہلت دی گئی تھی۔
امریکا میں چین کا قونصل خانہ خالی کر دیئے جانے کے بعد بعض امریکی عہدیدار سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ دروازوں کے شیشے توڑ کر غیر قانونی طور پر عمارت میں داخل ہو گئے۔
امریکا اور چین میں تجارتی جنگ کے بعد سفارتی محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کو بند کیا تھا جس پر چین کا اب یہ رد عمل سامنے آیا ہے۔


































