
بھارت میں لگاتار دوسرے دن بھی کورونا وائرس کے 78 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 36.21 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، تاہم صحتمند افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے فعال کیسز محض 21.59 فیصد رہ گئے ہیں۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78512 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3621245 ہوگئی ہے۔ شفایاب ہونے والوں کے مقابلہ میں متاثرین کے نئے کیسز زیادہ ہونے سے ایکٹیو کیسز 16673 اضافے سے 781975 ہوگئے ہیں۔
بھارت میں مزید 971 کورونا متاثرین کی اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 64469 ہوگئی۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 21.59 فیصد، شفایابی کی شرح 76.63 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.78 فیصد ہے۔ بھارت میں کورنا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں فعال کیسز کی تعداد 8422 سے بڑھ کر 193889 اور 296 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 24399 ہوگئی۔


































