
تل ابیب : اسرائیلی فوج کو کیریئر افسران کی بڑے پیمانے پر کمی کا سامنا ہے۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق لیفٹیننٹ اور کپتان رینک میں خلا تشویشناک ہو گیا ہے۔
دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج میں تقریباً تیرہ سو لیفٹیننٹ اور کپتان جبکہ تین سو میجرز کی کمی ہو چکی ہے۔ فوج کے ایک داخلی سروے میں صرف تریسٹھ فیصد افسران نے سروس جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی، جو دو ہزار اٹھارہ میں تراسی فیصد تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھرتی میں کمی کی اہم وجہ جنگ سے پیدا ہونے والی تھکن اور سروس کے بگڑتے ہوئے حالات ہیں۔
محکمۂ دفاع کے مطابق زیادہ تر نوجوان فوج کے بجائے شہری شعبوں میں ملازمتوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو اسرائیلی فوج کو اہداف کے حصول میں مزید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔


































