
ڈھاکا : بنگلہ دیشی وزیرخارجہ عبدالمومن نے امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیوں کی پروا نہیں۔ آزادانہ انتخابات کے وعدے پر قائم ہیں۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے الجزیرہ چینل کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کیلئے پابندیوں کے ذریعے دباؤ ڈال رہا ہے۔ ایک عالمی طاقت کے طور پر امریکا دباؤ ڈال سکتا ہے لیکن ہم اپنے عہدیداروں پر امریکی پابندیوں سے پریشان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرح ہم بھی ایک جمہوریت ہیں اور جانتے ہیں کہ قابل قبول اور شفاف الیکشن کیسے کرانا ہے۔ ان کی حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیرخارجہ نے کہاکہ ویزا پابندیوں سے ہمارے افسران پریشان ہیں اور نہ ہی عوام کو کوئی پریشانی ہے کیونکہ بیشتر امریکا نہیں جانا چاہتے ہیں بلکہ وہ اسی خوشحال ملک میں رہنا چاہتے ہیں۔


































