
واشنگٹن : امریکا اور یورپی یونین نے جنگ کے بعد غزہ کو اقوام متحدہ کی فوج کے حوالے کرنے کی سازش تیار کرلی۔ امریکی ٹی وی بلوم برگ نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی اور یورپی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائی غزہ میں قابل عمل ہو گی یا نہیں اس بارے میں بڑے سوالات باقی ہیں، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اسرائیل اسطرح کے منصوبے کے بارے میں انتہائی شکوک و شبہات کا شکار ہے۔ بلوم برگ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی نگرانی کی تنظیم کے لیے ایک توسیعی کردار کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے جس کا قیام پہلی بار 1949 میں فلسطینی عربوں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدوں پر عمل درآمد میں مدد کے لیے کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ اپنی فوجی کارروائی ختم کرے اس کی وجہ بڑے پیمانے پر شہریوں کے جانی نقصان میں اضافہ ہے۔


































