
تل ابیب : امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اگلے ہفتے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دعویٰ نے صیہونی حکام کو حیران کردیا ہے۔ اسرائیل اخبار یدیوت اہرنوٹ کے مطابق غزہ میں یرغمالیوں سے متعلق مذاکرات سے واقف عہدیداروں نے بتایا کہ وہ ٹرمپ کے ان بیانات سے حیران ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی قریب ہے۔ انہوں نےکہا کہ ٹرمپ کا بیان سیاسی خواہش پر مبنی سوچ سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ایک جامع معاہدے کی حمایت کرتی ہے جس میں جنگ بندی، اسرائیلی قیدیوں کی واپسی اور جنگ کا مکمل خاتمہ شامل ہے تاکہ خطے میں معمول کے معاہدوں کی توسیع کی راہ ہموار کی جا سکے۔ حکام نے کہاکہ انہیں قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات میں کسی پیش رفت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔ٹرمپ اسرائیل ایران تنازعہ کے خاتمے سے پیدا ہونے والی رفتار سے فائدہ اٹھا کر نئی سیاسی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


































