
بیجنگ : چین نے روس اور امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی کے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سہ فریقی ایٹمی تخفیف اسلحہ بات چیت غیر معقول ہے کیوں کہ چین کے پاس جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ امریکا اور روس کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بیجنگ کو ایسے مذاکرات میں شامل کرنے کی کوشش کرنا حقیقت سے دور کرنے کے مترادف ہے کیونکہ امریکا اور چین کا اسٹریٹجک ماحول اور جوہری پالیسیاں بالکل مختلف ہیں۔ چینی ترجمان نے کہا کہ چین کسی ملک کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا۔ جوہری طاقت رکھنے والے بڑے ملک خاص طور پر امریکا اور روس کو پہلے بڑے پیمانے پر تخفیف کرنی چاہیے۔


































