
بیروت : حزب اللہ کے نائب سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست کی جانب سے لبنانیوں کی زندگی سے کھیلنے کا زمانہ گزر گیا ہے اور سمندری حدود کے تعین کے ساتھ ہی ملک سے تکفیری عناصر کو نکال دیا گیا ہے۔طالب علموں کی ایک تقریب سے خطاب میں شیخ نعیم قاسم نےکہا کہ بعض لوگ مزاحمت اور اس کے ہتھیاروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صدارتی انتخابات میں اپنی کمزوری کو چھپا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی مزاحمت اسلامی سے ہتھیار واپس لینے کا خواہاں ہے، وہ مزاحمت کو ختم کرنا چاہتا ہے لیکن وہ یہ جان لے کہ اس کام سے لبنان کمزور ہوگا اور صیہونی ریاست کے اس ملک پر قبضہ کی راہ ہموار ہوگی۔ شیخ نعیم قاسم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کی جانب سے لبنانیوں کی زندگی سے کھیلنے کا زمانہ گزر گیا ہے اور مزاحمت کی وجہ سے لبنان کا صیہونی ریاست کے ساتھ سمندری حدود کا تعین ہو گیا ہے اور ملکی تیل و گیس کے ذخائر واپس لوٹ آئیں گے اور مزاحمت کی ہمت سے ہی تکفیریوں کو ملک سے باہر نکال دیا گیا ہے اور صیہونیوں کے مقابلے میں موازنہ اور توازن کی قوت حاصل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمت لبنان کی حفاظت کر رہی ہے، اور مزاحمت نے ہی اسے آزاد کیا ہے اور اس کے لبنان اور علاقے میں مفید کام بہت زیادہ ہیں اور لبنان میں فتنہ پھیلانے سے مزاحمت کی کامیابیاں ختم نہ ہوں گی۔


































