
تل ابیب: اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی شہادتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جو علاقے کی مجموی آبادی کا چار فی صد ہے۔ اخبار نے بین الاقوامی محققین کے ایک غیر شائع شدہ مطالعے کا حوالہ دیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں وزارتِ صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار حقیقت سے کم ہیں۔ اخبار کے مطابق اسرائیل میں سرکاری ترجمان اور صحافی فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کو مبالغہ آمیز کہتے ہیں لیکن عالمی ماہرین کا موقف ہے کہ یہ اعداد و شمار نہ صرف معتبر ہیں بلکہ ممکن ہے کہ حقیقت سے کم ہوں۔ اس تحقیق میں غزہ کے دو ہزار خاندانوں پر مشتمل آبادی کا سروےکیا گیا۔ جس سےمعلوم ہوا کہ رواں سال جنوری تک 75 ہزار 200 فلسطینی جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ وزارتِ صحت نے یہ تعداد 45 ہزار 660 بتائی تھی۔ یعنی سرکاری اعداد و شمار میں تقریباً 40 فیصد کمی پائی گئی۔
رپورٹ میں لندن یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل سباگات کی قیادت میں کی گئی تحقیق کو سب سے جامع قرار دیا گیا، جس میں فلسطینی سیاسی ماہر ڈاکٹر خلیل الشقاقی کی معاونت بھی شامل تھی۔


































