
واشنگٹن: امریکا نے کینیڈا کے ساتھ تنازعہ پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے واشنگٹن کے جریدے پولیٹیکو کی رپورٹ پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ رپورٹ میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندوستان کینیڈا تنازعہ پر نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوں گے۔ گارسیٹی نے کہا تھا کہ امریکا کو غیر معینہ مدت کے لیے ہندوستانی حکام کے ساتھ اپنے روابط کم کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ گارسیٹی امریکہ اور ہندوستان کے عوام اور حکومتوں کے درمیان شراکت داری کو گہرا کرنے کے لیے دن رات کام کررہے ہیں جیسا کہ اس کی ذاتی مصروفیت اور عوامی شیڈول ظاہر کرتا ہے۔ بیان کے مطابق گارسیٹی اور ہندوستان میں امریکی مشن ہر روز ہندوستان کے ساتھ اہم، اسٹریٹجک اور نتیجہ خیز شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔


































