
تہران: ایران نے دارالحکومت تہران میں 30 بم دھماکوں کا منصوبہ ناکام بناکر 28 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت انٹیلی جنس کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تہران، البرز اور مغربی آذربائیجان صوبوں میں چھاپوں کے دوران 28 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا جن کا تعلق دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے۔یہ دہشت گرد شام، افغانستان، عراق اور پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔دہشت گردوں نے تہران کے پر ہجوم مقامات پر بیک وقت تیس دھماکے کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ وزارت کے مطابق دھماکوں کا مقصد گذشتہ سال کے فسادات کی سالگرہ کے موقع پر دہشت، افراتفری اور عوام میں مایوسی پھیلانا اور بیرون ملک ایران کا امیج خراب کرنا تھا۔ دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، امریکی ساختہ خودکش جیکٹ، مواصلاتی اور الیکٹرانکس آلات، فوجی وردیاں اور غیر ملکی کرنسی قبضے میں لی گئی۔


































