
بیجنگ: شام کے صدر بشار الاسد دو دہائیوں بعد سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔ شامی صدر بشار الاسد چین کے مشرقی شہر ہانگژو پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہانگ ژو میں وہ ہفتہ کو ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ چینی صدر اور دیگر غیر ملکی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ شامی ایوان صدر کے مطابق بشار الاسد بیجنگ بھی جائیں گے۔ جہاں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کی توسیع پر بات چیت ہوگی۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جائے گا ، شامی صدر اپنے تباہ حال ملک کی تعمیر نو میں مدد کیلئے مالی معاونت کے خواہاں ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ چین شام کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ جس پر دسیوں ارب ڈالر لاگت آنے کی توقع ہے۔


































