
اسٹاک ہوم : سوئیڈن میں قرآن پاک کے بعد مساجد جلانے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ سوئیڈن کے مشرقی شہر ایسکلسٹونا میں گذشتہ روز جامع مسجد میں آگ لگی جس نے پوری مسجد کو راکھ کا ڈھیر بنادیا۔ واقعے میں مسجد مکمل طور پر شہید ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مسجد کے ترجمان انس ڈینیچے نے مسجد میں جان بوجھ کر آگ لگانے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کو کئی ماہ سے خطرات کا سامنا تھا اور اس سے قبل بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ڈینیچے نے بتایا کہ آگ لگنے سے پہلے ان کی والدہ نے زوردار دھماکا سنا اور اچانک تمام چیزیں جلنے لگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی واقعے کے حوالے سے کوئی نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہے، ہمیں پولیس کی تحقیقات کا انتظار کرنا پڑے گا۔ سویڈش پارلیمنٹیرین میکائل یوکسل نے اسے مسجد پر ایک اور دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔


































