
مکہ المکرمہ : امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس پر پابندی کا نفاذ ضروری ہو گیا ہے۔امام کعبہ نے جمعے کے خطبے میں کہاکہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات سستی شہرت کے لیے عجیب و غریب حرکتیں کر رہی ہیں۔ وہ اپنی نجی زندگی کو شیئر کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے فالوورز اپنا موازنہ ان سے کرنے لگتے ہیں اور احساس محرومی میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس سے نفرت سمیت کئی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کی اچھی تربیت کے لیے ضروری ہے انھیں سوشل میڈیا سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے ڈرو، چھوٹی اور لغو باتوں سے بچو۔ سچے مذہب کی دعوت دو، قوم کی خدمت کرو اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے نیکی کو فروغ دو۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پابندیوں اور اسے ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کریں۔

































