
شرم الشیخ: ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے قائم گلوبل شیلڈ برائے موسمیاتی رسک نے پاکستان، بنگلہ دیش اور گھانا کو مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ 27 موسمیاتی کانفرنس میں جرمنی نے کیا ہے جو اس وقت گلوبل شیلڈ کی سربراہی کررہا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے جن ممالک کو یہ پیکج فراہم کیا جائے گا ان میں پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، کوسٹا ریکا، فجی، گھانا، فلپائن اور سینیگال بھی شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو حالیہ سیلاب سے تباہ حال آبادی کی بحالی کے لیے بہت زیادہ وسائل درکار ہیں۔ یہ فنڈ مستقبل میں آنے والی قدرتی آفات میں تیکنیکی مدد فراہم کرے گا البتہ پاکستان کو آفات کے خطرات سے دوچار افراد اور علاقوں کامکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ شرم الشیخ میں ہونے والے اعلان کے مطابق پروگرام کے تحت سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کو انشورنس اور آفات سے بچاؤ کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

































