
غزہ : غزہ میں شدید موسمی حالات کے باعث انسانی المیہ سنگین ہو گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق دسمبر کے آغاز سے اب تک چھ بچوں سمیت پچیس افراد شہید ہو چکے ہیں۔
سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیموں کے مطابق دسمبر سے قبل غزہ کو اس نوعیت کے شدید موسمی حالات کا سامنا نہیں تھا۔ اداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی گولہ باری سے پہلے ہی متاثرہ اٹھارہ رہائشی عمارتیں موسلا دھار بارش کے باعث مکمل طور پر منہدم ہو گئیں۔ اسی عرصے میں ایک سو دس سے زائد عمارتوں کو جزوی لیکن خطرناک نقصان پہنچا، جو ہزاروں شہریوں کی جانوں کے لیے براہِ راست خطرہ بن چکا ہے۔
ادھر غزہ بھر میں بے گھر افراد کے تقریباً نوے فیصد خیمے تیز ہواؤں سے اڑ گئے یا بارش میں ڈوب گئے۔ جس کے باعث ہزاروں خاندان عارضی پناہ سے محروم ہو گئے اور ان کا محدود سامان بھی ضائع ہو گیا۔


































