
تہران : ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس بین الاقوامی معاملات میں امریکہ اور یورپ کی اجارہ داری کا مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ چین کے شہر تیانجن کے لیے روانگی کے موقع پر ایرانی صدر نے ایس سی او سربراہ اجلاس کو امریکا اور یورپی ممالک کی آمریت کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس شرکاء کو سائنسی، ثقافتی، اقتصادی، سیاسی، اور سیکورٹی کے شعبوں میں اپنے نقطہ نظر کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا ایک انتہائی موزوں اور اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ڈھائی ارب افراد کی نمائندگی کرتے ہیں اور عالمی معیشت میں ان کا حصہ 40 فیصد سے زیادہ ہے۔


































