
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن معاہدے کے تناظر میں سعودی وفد رواں ہفتے فلسطین کا دورہ کرے گا۔ نیوز ایجنسی رائٹر کے مطابق اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن معاہدے کو یقینی بنانے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں جس میں فلسطینیوں کے لیے مراعات شامل ہوسکتی ہیں۔ ایک فلسطینی عہدہ دار نے بتایا کہ سعودی وفد مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرے گا۔ وفد کی قیادت فلسطین میں غیر مقیم سعودی سفیر کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تنازع کے دو ریاستی حل کے مقصد کی بحالی پر زور دیا ہے۔


































