
برسلز: یورپی یونین کے ترجمان نے کہا ہے کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنا، دو ریاستی حل کی حمایت میں مدد گار ہوگا۔ یورپی کمیشن کے ترجمان انور العنونی نے سعودی نیٹ ورک العربیہ سے گفتگو میں کہا کہ یورپی یونین اسرائیلی – فلسطینی تنازع کے منصفانہ اور جامع حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ اس تنازع کا واحد حل دو ریاستی حل ہے۔ اسرائیلی ریاست کے ساتھ ساتھ ایک آزاد، جمہوری، جغرافیائی طور پر متصل اور قابلِ بقا فلسطینی ریاست جو امن اور سلامتی کے ساتھ رہے۔ باہمی اعتراف کی بنیاد پر، اور جس میں بیت المقدس دونوں ریاستوں کا مستقبل کا دارالحکومت ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ایک متحدہ یورپی مؤقف سامنے لایا جا سکے جو دو ریاستی حل پر مبنی ہو۔


































