
لندن : برطانیہ کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت پر شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ چنگیز نے برطانوی دعوت نامے کو ملکہ الزبتھ کی یاد پر ایک دھبہ قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کو لندن پہنچتے ہی گرفتار کر لینا چاہیے تاہم ان کو ایسا ہونے کا یقین نہیں ہے۔ کیمپین اگینسٹ آرمز ٹریڈ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور مشرق وسطی کے دیگر ممالک ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے بدترین انسانی حقوق کے ریکارڈ کو وائٹ واش کرسکیں۔ اس گروپ کے اندازے کے مطابق آٹھ سال قبل یمن میں تباہ کن جنگ کے آغاز سے اب تک برطانیہ نے سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے اتحاد کو 23 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کا اسلحہ فروخت کیا ہے۔

































