
کابل: افغان طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکیورٹی کے مسائل کو مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے حل کیا جائے اور سامان اور مسافروں کی آمدورفت کے لیے اہم سرحدی گذرگاہوں کو سیاسی اور سلامتی خدشات کی بنا پر بند نہیں ہونا چاہیے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان سفیر آصف خان درانی نے کابل کا دورہ کیا اور طالبان انتظامیہ کے قائم مقام وزیرِ خارجہ عامر خان متقی سے بات چیت کی۔ افغان نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد نے کہا کہ سیکیورٹی کے مسائل کو مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے حل کیا جائے اور سرحدی گذرگاہوں کو سیاسی اور سلامتی کی وجوہات کی بنا پر بند نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان دو ہمسایہ اور اسلامی ممالک ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں تاکہ فریقین کے درمیان فاصلے نہ بڑھیں۔


































