
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ہندوستان کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر دونوں ممالک مستقل امن چاہتے ہیں تو پھر مسائل کو مستقل طور پر حل کرنا ہوگا۔ہندوستان کے خلاف کامیابی پر منائے جانیوالے یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک میں تین جنگیں ہوچکی ہیں مگر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ غربت اور بیروزگاری بڑھی اور مشکلات میں اضافہ ہوا۔ شہبازشریف نے کہا کہ جنگوں سے سبق ملا ہے کہ ہم پرامن ہمسایوں کی طرح مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر اور پانی کی تقسیم کے مسائل حل ہوجائیں تو پھر ہم تجارت پر بات کرسکتے ہیں اور انسداد دہشت گردی کے میدان میں بھی تعاون کرسکتے ہیں۔


































