
رام اللہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے یورپی یونین کے نمائندے برائے خارجہ جوزپ بوریل پر زور دیا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان کے داخلے کی اجازت کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے۔ جوزپ بوریل نے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ محمود عباس نے بوریل سےگفتگو میں القدس، غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا غزہ کا کوئی سکیورٹی یا فوجی حل نہیں ہے۔ غزہ کی پٹی فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔ فلسطینی صدر نے یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کی ریاست اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کو تسلیم کریں بعد میں فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے بوریل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ غزہ سے بے گھر ہونے والوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔


































