
تہران : جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا کہ استقامت اور مزاحمت کے ذریعے ہی فلسطین اور بیت المقدس کو غاصب صیہونیوں کے چنگل سے آزاد کیا جاسکتا ہے۔ پانچ روزہ جنگ نے ثابت کیا کہ اسرائیل روبہ زوال اور مقاومتی تنظیمیں مزید مضبوط ہورہی ہیں۔ جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے ایک وفد کے ہمراہ تہران میں ایرانی سلامتی کونسل کے سربراہ علی اکبر احمدیان سے ملاقات کی اس موقع پر احمدیان نے کہاکہ فلسطینی عوام اور مقاومتی تنظیموں کی حمایت ایران کی پالیسی ہے۔ ایران اس پالیسی پر عمل کرنے کو اپنے لیے فخر سمجھتا ہے۔ آج مقبوضہ فلسطین میں مقاومتی تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقاومت کی توسیع سے غاصب صیہونیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ اسرائیل مقاومتی تنظیموں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرکے ایک دوسرے سے دور کرنا چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں انتہائی احتیاط اور ہوشیاری سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں مزاحمت اور مقاومت شروع ہونا نیک شگون ہے اور صیہونی حکومت کے خلاف نیا محاذ کھل جائے گا۔


































