
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں کے ساتھ غزہ کے حوالے سے چار روز سے جاری مذاکرات مثبت اور حوصلہ افزا ہیں اور ان کا مقصد مستقل امن معاہدے تک پہنچنا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیا کہ خطے کے تمام ممالک بات چیت میں شریک ہیں، جبکہ حماس کو بھی ان مذاکرات سے آگاہ رکھا گیاہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سمیت اعلیٰ سطح پر اسرائیلی قیادت کو بریف کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں بعد پہلی مرتبہ اس قدر سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ امن کی خواہش نظر آرہی ہے۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ تمام فریقین کو اس موت اور تاریکی کے دور سے نکلنا ہوگا، مغویوں کی رہائی یقینی بنانی ہوگی اور ایک مستقل اور دیرپا امن قائم کرنا ہوگا۔


































