
تہران : ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ 15 مئی 1948ء فلسطین پر قبضے کے المناک دور کا آغاز اور فلسطینی مظلوم عوام کے حقوق بالخصوص ان کے حق خود ارادیت کی صریح خلاف ورزی تھی۔ یہ دن بوڑھے برطانوی استعمار کی مذموم سازش کے ذریعے عالم اسلام کے قلب میں نسل پرست اور غاصب صیہونی حکومت کے قیام اور فلسطینیوں کی نسل کشی اور مقدسات کی بے حرمتی کے خونی دور کے آغاز کی سالگرہ ہے۔ سرزمین فلسطین پر صیہونی ریاست کا ناجائز قیام اس وقت کی استعماری طاقتوں بالخصوص برطانیہ اور امریکہ کی حمایت سے عمل میں لایا گیا جو انسانی حقوق کا راگ الاپنے والے مغربی ممالک کی بربریت کا کھلا ثبوت ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کو منظم دہشت گردی کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں میں اجتماعی قبروں کی دریافت اس سفاک رجیم کے انسانیت کے خلاف جرائم کی بھیانک تصویر پیش کرتی ہے۔

































