
دوحہ: حماس نے کہا ہے کہ ثالثوں نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
حماس رہنما طاہر النونو نے کہا ہے کہ حماس کے مصر اور قطر میں ثالثوں کے ساتھ روابط رکے نہیں۔ بلکہ مزید تیز ہوئے ہیں۔ حماس جنگ بند کرنے اور کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے کسی بھی مخلص کوشش کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حماس ایسے معاہدے کی خواہاں ہے جو جنگ کے مستقل خاتمے، اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء، امداد کی فراہمی اور قیدیوں کے تبادلے کو یقینی بنائے۔
حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ثالثوں نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں انہوں نے اسرائیل پر تاخیری حربے اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا۔


































