
غزہ: صیہونی فوج کے غزہ سٹی پر شدید حملوں کے بعد بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں باون فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوج غزہ سٹی پر فضا۔زمین اور سمندر سے شدید گولہ باری اور بمباری کررہی ہے۔ توپ خانے کی گولہ باری اور فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ دھماکہ خیز مواد سے لدے روبوٹ کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔ شدید حملوں سے غزہ سٹی کے اطراف کا علاقہ کھنڈر بن گیا ہے جبکہ صابرہ اور بیت حنون میں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔
حملوں میں تیزی آنے کی وجہ سے علاقے میں پھنسے دس لاکھ افراد نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے النصیرات ۔خان یونس اور بیت لاہیہ پر بھی حملے کئے۔ شہدا میں امداد کے متلاشی بائیس افراد شامل ہیں ادھر بھوک کی شدت سے بھی تین فلسطینی زندگی کی بازی ہارگئے۔


































