
اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے ایک نمائندہ وفد نے مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی اور ان کے ساتھ شریک مرکزی انجمن امامیہ کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران اسماعیلی ریجنل کونسل کے وفد نے 15 شعبان المعظم حجت خدا امام مہدی (عج) کی ولادت و باسعادت کی مناسبت سے قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی اور پوری ملت تشیع کو ہدیہ تبریک پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عوام کو اس دن کی فیوض و برکات سے مستفید ہونے کی دعا کی۔ اسماعیلی وفد کے قائدین نے بلتستان کے ہونہار زاکر اہلبیت علیہ السّلام مشہور و معروف منقبت و نوحہ خواں خواجہ علی کاظم، سید جان علی اور خواجہ ندیم کی المناک شہادت پر غم زدہ خاندان اور پوری ملت تشیع کو تعزیت و تسلیت کا اظہار بھی کیا۔


































