
لاہور میں عید میلادالنبی(ص) کا مرکزی جلوس ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ جہاں جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کرکے ان کا استقبال کیا گیا اور جلوس کے شرکاء کی شربت سے تواضع کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امت کے اتحاد سے ہی دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ہم نے جلوس کے راستے میں استقالیہ کیمپ لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کا اتحاد ہی تکفیریوں کی نجس سوچ کی شکست ہے، جو امت تقسیم کرنے کیلئے ہر وقت تکفیر کرتے رہتے ہیں۔ اہلسنت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان بنایا بھی شیعہ اور سنی نے مل کر تھا اور اب پاکستان کی حفاظت بھی شیعہ اور سنی مل کر کریں گے۔ اہلسنت قائدین نے شاندار استقبال کرنے پر اہل تشیع رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔


































