
اسٹاک ہوم: سوئیڈن میں ایک بار پھر قرآن کریم نذرِ آتش کرنے پر مسلم دنیا نے شدید مذمت کی ہے اور اشتعال انگیز عمل کو روکنے پر زور دیا ہے۔ سوئیڈن میں اس بار قرآن مجید جلانے کا گھناؤنا واقعہ مالمو شہر میں پیش آیا۔ جہاں مقامی سٹی کونسل کی اجازت سے یہ قبیح فعل انجام دیا گیا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے اپنے بیان میں واقعہ کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ سویڈش حکام سے ایسی نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کے بار بار مطالبات کے باجود یہ واقعہ پیش آیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سویڈن حکومت کی طرف سے انتہا پسندوں کو قرآن مجید کی بے حرمتی کی اجازت دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ یورپی ممالک میں ان واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ نے اس ہولناک عمل کو ایک سوچی سمجھی اشتعال انگیزی قرار دیا جس کا مقصد جان بوجھ کر رائے عامہ کو مشتعل کرنا اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔


































