
خضدار : بلوچستان کے شہر خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر خودکش حملے میں چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور اڑتیس زخمی ہوگئے۔ واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیا۔ اسکول بس معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ خودکش بمباری نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے۔ زخمی بچوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا۔ بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ ہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں سے کروایا۔ وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ہے کہ دہشت گردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔


































