
نیویارک: ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران توقع کرتا ہے کہ اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کی آواز نہیں بلکہ اقوام کی آواز بنے گی۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو میں ایرانی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کی جنرل اسمبلی ایرانی عوام کی رائے کے اظہار اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی وضاحت کرنے کا موقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ اس موقع کو دنیا تک ایرانی قوم کی آواز پہنچانے کے لیے غنیمت سمجھتے ہیں۔
آیت اللہ رئیسی نے مزید کہا کہ البتہ آج یہ آواز پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور ہے کیونکہ گزشتہ سال ایران نے دشمن کی ہائبرڈ جنگ کے خلاف عظیم فتح حاصل کر لی۔ دشمنوں کا خیال تھا کہ وہ ایران کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں لیکن انہوں نے غلط اندازہ لگایا اور شکست کھا گئے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی عظیم قوم کے پاس امتیازی سلوک اور ناانصافی کے خلاف لڑنے کے لیے بہت کچھ ہے۔


































