
دمشق: شام کے بحران کے حل کیلئے سفارتی کوششوں میں تیزی آگئی۔ بشار الاسد عنقریب چین کا دورہ کریں گے۔ ایران نے مسئلہ کے حل کیلئے شام سے ترکیہ کے فوجی انخلا کی تجویز دی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ شام اپنی سرزمین سے ترکیہ میں حملے روکنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نےکہا کہ ترکیہ حملے روکنے کے شام کے عہد کے بدلے اپنی افواج کو ہٹانے کا عہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ایران معاہدے کے ضامن ہوں گے اور شام اپنی فوج ترکیہ کی سرحد پر تعینات کرے گا۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے شام گیئر پیڈرسن سے ملاقات کی اور کہاکہ ان کا ملک شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کی خواہش رکھتا ہے۔ دوسری جانب شام کے صدر بشار الاسد عنقریب اعلیٰ سطح کے سیاسی، سفارتی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کریں گے۔


































