
نیویارک: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ہندوستان سماجی گروپس اور ناقدین کو دبانے کے لیے منی لانڈرنگ کے بین الاقوامی قوانین کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی سفارشات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں این جی اوز کو دبانے کیلئے ڈریکونیئن قوانین بنانےجا رہے ہیں اور تنظیموں کی فنڈنگ روکی جا رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشل انڈیا کے چیئرمین آکرپٹیل نے ایک بیان میں کہاکہ دہشت گردی کے مقابلے کی آڑ میں مودی حکومت نے فیٹف کی سفارشات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناقدین کو نشانہ بنایا اور ان کی آواز کو دبایا۔ بیان کے مطابق گزشتہ دس سال میں ہندوستانی حکومت 20 ہزار 600 سے زائد غیر سرکاری تنظیموں کا لائسنس منسوخ کر چکی ہے جن میں سے تقریباً 6 ہزار لائسنس 2022 سے منسوخ ہوئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد اسے ہندوستان میں اپنا آپریشن بند کرنا پڑا تھا۔


































