
نئی دہلی: ہندوستان میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کو فروغ دینے والے 250 سے زیادہ دستاویزی اجتماعات ہوئے۔ ہندوتوا سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی تنظیم ہندوتوا واچ کی چھ ماہی رپورٹ میں ہندوستان کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کیلئے ریئل ٹائم ڈیٹا کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ نفرت انگیز تقریر کے واقعات کو دستاویز کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق 17 صوبوں میں اوسطا یومیہ ایک سے زیادہ واقعات پیش آتے ہیں۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ نفرت انگیز تقاریرکے ان واقعات میں سے زیادہ تر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے خطرناک سازشی نظریات کا پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ جس میں تشدد کیلئے اکسانا ہتھیار رکھنے کی اپیل اور مسلم کمیونٹی کے سماجی و اقتصادی بائیکاٹ کے مطالبات شامل ہیں۔ ہندوتوا واچ کی رپورٹ 2014 کے بعد ہندوستان میں مسلم مخالف جذبات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو اجاگر کرتی ہے۔ جس کا تعلق ہندو قوم پرست نظریات کے لیے مشہور بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مسئلے پر توجہ دینے کے بجائے کئی حکومتی نمائندے اکثر اس طرح کی بیان بازی میں حصہ لیتے رہے ہیں۔


































