
ماسکو: ماسکو کانفرنس نے افغان طالبان پر جامع حکومت کی تشکیل اور انسانی حقوق کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ روس کے شہر کازان میں پانچویں ماسکو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں 10 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
افغانستان کے لیے روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف نے کہا کہ طالبان افغانستان میں داعش سمیت دہشت گرد گروپوں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مغربی ممالک، جنہوں نے افغان عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، انہیں ملک کی تعمیر نو کا بنیادی بوجھ اٹھانا چاہیے۔چین کے خصوصی ایلچی یوشیاؤ ونگ نے کہا کہ علاقائی اور عالمی برادری کو امریکہ پر زور دینا چاہیے کہ وہ افغانستان کے لیے اپنے وعدوں پر عمل کرے اور افغانستان کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ پاکستان اور ایران کے سفیروں نے افغانستان کے تمام نسلی گروہوں پر مشتمل جامع حکومت کے قیام پر زور دیا۔ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہاہے علاقائی ممالک افغانستان میں حکومت کی تشکیل کے نسخے دینے کے بجائے حکومت کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ اور تمام شعبوں میں باضابطہ طور پر کام شروع کریں۔


































