
اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے امریکی ثالثی میں فوری جنگ بندی پراتفاق کرلیا۔ واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہو گئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کی تصدیق کر دی ہے۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ دونوں ممالک نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پاکستان اور بھارت کے سیز فائر پر آمادگی کا اعلان کیا۔انہوں نے لکھا کہ رات بھر امریکا کی جنگ بندی کی کوششوں کے بعد دونوں ممالک جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ذہانت اور تدبر سے کام لینے پر دونوں ممالک کو مبارک باد دیتا ہوں۔
امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بات ہوئی ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہےکہ دونوں ممالک جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت وسیع تر مسائل پر کسی غیرجانبدار مقام پر مذاکرات کریں گے۔
بھارتی وزیرخارجہ جےشنکر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوجی کارروائی روکنے کیلئے مفاہمت پر کام کیا۔ ہندوستان نے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف ہمیشہ مضبوط موقف برقرار رکھا ہے اور اسے برقرار رکھے گا۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشن بارہ مئی کو بات چیت کریں گے۔


































