
تہران: ایران نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ جنرل رافیل گروسی کی جوہری تنصیبات کے معائنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے بے معنی قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ گروسی کا حفاظتی تحفظات کے بہانے بمباری والے مقامات کا دورہ کرنے پر اصرار بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروسی کے مذموم اقدام نے ایران کے خلاف آئی اے ای اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں قرارداد منظور کرنے میں براہ راست کردارادا کیا جس سے جوہری مقامات پر اسرائیل اور امریکا کی غیر قانونی بمباری کی راہ ہموار ہوئی۔ عراقچی نےکہا کہ ایرانی پارلیمنٹ نے جوہری سرگرمیوں کی حفاظت اور سلامتی کی ضمانت ملنے تک آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کو روکنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے مفادات، عوام اور خودمختاری کے دفاع میں کوئی بھی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔


































