
بغداد : حشد الشعبی کے کمانڈر محمد التمیمی نے صلاح الدین اور دیالہ صوبوں کے درمیان داعش کے زیر استعمال گزرگاہوں کو منقطع کرنے اور ان علاقوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دہشت گرد ان گذرگاہوں کو دراندازی کے لئے استعمال کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے المطیبیجہ، المیتہ اور حمرین کے علاقوں میں داعش کے زیر زمین نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا جن کا ہدف عراق کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنا تھا۔
التمیمی نے مزید کہا کہ حشد الشعبی کی فورسز نے اسٹریٹیجک گھیراؤ اور کمین لگا کر دراندازی کو روکنے اور مطلوبہ علاقوں کی انٹیلی جنس مانیٹرنگ کےذریعے مذکورہ دونوں صوبوں کے درمیان دہشت گردوں کے زیر استعمال گزرگاہوں کا رابطہ منقطع کر دیا۔ اس بروقت کارروائی سے حاوی العظیم اور دیگر علاقوں پر مشتمل سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کے استحکام میں اضافہ ہوا۔ تمیمی نے کہا کہ ان علاقوں میں داعش کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور اس دہشت گرد تنظیم کی باقیات کے خلاف سرچ آپریشن کی کوششیں جاری ہیں۔


































