
کوالالمپور : عالمی مذہبی رہنماؤں نے دنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی، بھوک اور تباہی کی جنگ روکنے کیلئے مداخلت کریں۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مذہبی رہنماؤں کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دنیا بھر کی چار سو مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس کے بعد جاری اعلامیہ میں مذہبی رہنماؤں نے حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ اس انسانی المیے کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اعلامیہ میں کہا گیاہےکہ یہ سانحہ، جس نے انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، رونما نہ ہوتا اگر بین الاقوامی قانون مؤثر طور پر فعال ہوتا۔ مذہبی رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ اسرائیلی قابض حکومت کو اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے معاہدوں کی پاسداری پر مجبور کرے، فلسطینی عوام کی مصیبت کا خاتمہ کرے، اُن کے جائز حقوق کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرے۔
کانفرنس کا اہتمام ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ محمد بن عبد الکریم العیسی نے کیا تھا.


































