
برلن: جرمنی کے چالیس فیصد شہریوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی حمایت کردی۔ یو گو سینٹر فار پبلک اوپینین نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے متعلق نیا سروے جاری کیا ہے۔ سروے میں چالیس فیصد شہریوں نے فلسطین کو تسلیم کرنے کی حمایت اور ستائیس فیصد نے مخالفت کی، جب کہ 33 فیصد نے کہا کہ انھوں نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ رفح پر حملوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر اکاون فیصد شہریوں نے تصدیق کی کہ وہ اسرائیل پر یورپی یونین کی جانب سے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ چھبیس فیصد شرکاء نے کہا کہ وہ ان پابندیوں کی مکمل یا جزوی مخالفت کرتے ہیں۔ سروے میں 2,295 شہریوں سے رائے لی گئی اور یہ 31 مئی سے 5 جون کے درمیان کیا گیا۔ جرمن چانسلر اولاف شولز نے اعلان کیا تھا کہ جرمن حکومت فی الحال ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

































