
غزہ: غزہ پر صیہونی فضائی حملوں میں تباہ مکانات اور عمارتوں کے ملبے تلے ایک ہزار افراد کے دبے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ فلسطین کے محکمہ شہری دفاع اور وزارت داخلہ نے ایک ہزار سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری فضائی حملوں میں اب تک 2,750 فلسطینی شہید اور 9,700 زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر جنگی طیاروں نے دسویں روز بھی اپنے حملے جاری رکھے اوراقوامِ متحدہ کے پناہ گزین کیمپ سمیت کئی مقامات پربم برسادئے۔ حملے میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد سمیت مزید کئی افراد شہید ہو گئے۔ دوسری جانب غزہ کی ناکہ بندی سے انسانی بحران شدید ہو گیا، جہاں پانی، غذا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ ریڈ کریسنٹ کا کہناہے کہ اسپتال چلانے کے لیے ایندھن ختم ہوچکاہے۔ اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ دس لاکھ فلسطینی شمالی غزہ سے جنوب کی جانب نقل مکانی کر چُکے ہیں۔ جس سے نیا بحران جنم لے رہا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کیلئے امداد روک رکھی ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔


































