
غزہ: غزہ پر 25 ویں رات بھی آسمان سے بارود برستا رہا۔ اسرائیل کے نہتے فلسطینی عورتوں اقر بچوں پر حملے جاری، وحشیانہ حملوں میں ساٹھ سے زیادہ افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے رات گئے اور صبح سویرے رفح۔ الزوائدہ۔ الزیتون سمیت کئی علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ وحشیانہ حملوں میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور متعدد افراد دب گئے۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس سے منسلک چھ سو ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ جس میں اسلحہ ڈپو اور اینٹی ٹینک میزائل لانچ کرنے والے ٹھکانے شامل ہیں۔ ادھر اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر میں القدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے جس سے مزید خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی انفنٹری، بکتر بند، انجینئرنگ اور توپ خانے کے یونٹ غزہ میں کارروائی کررہے ہیں اور انہیں سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔
حماس نے جنوبی غزہ میں صیہونی افواج پر ٹینک شکن میزائل سے حملہ کیا جس سے تین اسرائیلی ٹینک۔ چھ بکتربند گاڑیاں اور بلڈوزر تباہ ہوگئے. مزاحمت کاروں نے شمال مغربی غزہ میں بھی صیہونی فوج کو ال یاسین میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ حماس نے پہلی بار زمین سے فضا میں مارکرنیوالا میزائل استعمال کیا جس سے جنگی طیاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ادھر حماس نے تل ابیب اور عسقلان پر بھی راکٹ برسائے۔


































