
فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی” نے اپنے قیام کی پینتیسویں سالگرہ پر اس امر کی تجدید کی کہ صیہونی حکومت کا ایک ہزار سال تک بھی مقابلہ کریں گے۔ جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے 35ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے مغربی غزہ میں جشن منایا۔ اس حوالے سے عرب میڈیا نے رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ جشن کی یہ تقریبات غزہ کے علاوہ دیگر شہروں جیسے جنین، صیدا، دمشق اور صنعاء میں بھی منعقد کی گئیں۔ یہ تقریبات "ہماری جنگ قدس کی آزادی تک جاری ہے” کے عنوان سے منعقد کی گئیں۔ جہاد اسلامی کے سربراہ "زیاد النخالہ” نے اس تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف جنگی مساوات سے نکالنے کے لئے دشمن کی کوششیں جاری ہیں۔ لیکن جہاد اسلامی فلسطینی عوام کے اتحاد کو بچانے کے لئے ان تقریبات کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس نمائش میں جہاد اسلامی کے ہزاروں حامیوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں دیگر فلسطینی مقاومتی گروہوں کے ارکان بھی موجود تھے۔ دوسری جانب زیاد النخالہ نے کہا کہ دشمن کے خلاف مقاومتی مرکز کو مضبوط کرنے میں ہی فلسطینی قوم کا فائدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام فلسطینی قومی گروہ متحد ہو جائیں, کیونکہ دشمن اور اس کے حواری پوری طاقت کے ساتھ ہمیں گھیرنے کے چکر میں ہیں۔ جہاد اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ دشمن امن کا متلاشی نہیں ہے اور نہ ہی مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کو کچھ دینا چاہتا ہے بلکہ دشمن ہمیں نا امید کرنا چاہتا ہے، ہمارا ارادہ توڑنا چاہتا ہے، لیکن ہم اپنی اور اپنے وطن کی آزادی کی تلاش میں ہیں۔
جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ فلسطینی قوم کو صیہونیوں کے خلاف جدو جہد کرتے ہوئے 74 سال ہوچکے ہیں، ان چوہتر سالوں میں صیہونی حواس باختہ ہوچکے ہیں اور ان کے سربراہان یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ غلط جگہ آ کھڑے ہوئے ہیں۔ زیاد النخالہ نے کہا کہ قدس میں صیہونیوں کے مذموم مقاصد کو اکھاڑ پھینکیں گے اور ان کے مکمل اخراج تک ان سے جنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاد اسلامی کا فیصلہ ہے کہ دشمن کے خلاف مستقل جنگ اور جدوجہد کی جائے، چاہے یہ جدوجہد ایک ہزار سال تک جاری رکھنی پڑے۔ یہ مسئلہ ہماری شرعی ذمے داریوں میں سے ہے، جیسے نماز ہم پر واجب ہے۔ لہٰذا جب تک اسرائیل ہماری سرزمین سے نکل نہیں جاتا، جہاد بھی اپنی جگہ پر باقی رہے گا۔

































