
ماسکو : وسطی ایشیائی ملکوں کرغزستان اور تاجکستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ چھڑگئی ہے۔ دونوں افواج کے درمیان سرحد پر جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دونوں فریقوں سے پُرامن رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 14 سے 16 ستمبر تک سرحدی جھڑپیں شروع ہوئیں جن میں ایک دوسرے پر ٹینک، مارٹر، راکٹ، توپ خانے اور ڈرونز کے ذریعے قریبی آبادیوں پر حملوں کا الزام عائد کیا گیا۔ کرغزستان نے سرحدی علاقے سے ایک لاکھ 37 ہزار افراد کو دوسری جگہ منتقل کردیا ہے۔ دونوں ملکوں نے 16 ستمبر کو سیزفائر پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر جنگ کا خطرہ ٹل گیا تاہم فائرنگ اور شیلنگ کے بعض واقعات کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

































