
لندن: طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ڈیزیز ایکس نئی وبا بن سکتی ہے جس سے پانچ کروڑ افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔ برطانوی ماہر صحت کیٹ بنگھم نے کہا ہےکہ عالمی ادارہ صحت نے جس نئے وائرس کو ڈیزیز ایکس کا نام دیا ہے وہ کووڈ سے زیادہ خطرناک ہوگا۔ یہ وائرس 1920 کے تباہ کن اسپینش فلو جیسا اثر ڈال سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ڈیزیز ایکس ایک نیا ایجنٹ ہوسکتا ہے۔ ایک وائرس، ایک بیکٹیریم یا فنگس جس کا کوئی علاج موجود نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپینش فلو سے دنیا بھر میں کم از کم پانچ کروڑ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جو کہ پہلی جنگ عظیم میں ہلاک ہونیوالوں سے دگنی تعداد تھی۔ ہم اسی طرح کی ہلاکتوں کی توقع کر سکتے ہیں۔ کیٹ بنگھم کہتی ہیں اگر دنیا کو بیماری کے خطرے سے نمٹنا ہے تو بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کے لیے تیاری کرنی ہوگی۔ ریکارڈ وقت میں خوراکیں فراہم کرنا ہوں گی۔


































