
تہران: ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال وندی نے اس بات کا اعادہ کیا ہےکہ جوہری تنصیبات کے خلاف جارحیت کے باوجود ملک کا جوہری پروگرام آگے بڑھتا رہے گا۔ بہروز کمال وندی نے کہا کہ ایران کی جوہری صنعت سائنسی اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے میں گہری جڑیں رکھتی ہے۔ اسے دشمنوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ صنعت ہماری قوم سے جڑی ہوئی ہے۔ وہ اسے اکھاڑ نہیں سکتے۔ کمال وندی نےکہا کہ جوہری صنعت کی ترقی کو جاری رکھا جائے گا اسے روکا نہیں جائے گا.
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا جوہری توانائی پروگرام مقامی معلومات پر مبنی ہے اور اسے بمباری سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بارہ روزہ اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران جوہری پروگرام برقرار رکھنے کے لیے مزید پُرعزم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے جوہری ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے اس کے لیے سائنس دانوں نے بے پناہ قربانیاں اور اپنی جانیں بھی دیں۔ ایران میں کوئی بھی اس ٹیکنالوجی سے دست بردار نہیں ہوگا۔


































