
ہیگ :ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں مسلم مخالف گروپ پیگیڈا کے رکن نے کئی مسلم ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی ہے۔اسلامو فوبک گروپ پیگیڈا کا رہنما ملعون ایڈون ویگنز ویلڈ سب سے پہلے ترک سفارتخانے پہنچا اور قرآن مجید کا نسخہ پھاڑ کر پھیلادیا اور اسے اپنے پیروں تلے روند دیا۔ یہاں سے وہ پاکستان، انڈونیشیا اور ڈنمارک کے سفارت خانوں کے باہر پہنچا اور اپنی گھناؤنی حرکت کو دہرایا۔ ایڈون ویگنز ویلڈ نے قرآن کریم کے مزید نسخے پھاڑ کر اسلام اور مسلمانوں کی توہین بھی کی۔ یہ گروپ اس سے پہلے بھی یورپی ممالک سوئیڈن، ڈنمارک اور ہالینڈ میں اس قسم کی شرم ناک اور اشتعال انگیز کارروائیاں کر چکا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ مذمتی بیان میں سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نفرت انگیز اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔ خلیج تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ اس ناقابل قبول عمل کے نتیجے میں دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔


































