
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے جامع مسجد دہلی سمیت وقف بورڈ کی 123 املاک کو واپس لینے کا اعلان کردیا۔مرکزی وزارت برائے شہری ترقی نے دو رکنی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر دہلی وقف بورڈ کی 123 املاک کو تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے نوٹس بھی جاری کردیا۔ جن املاک کو واپس لینے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ان میں مساجد، درگاہیں اور قبرستان شامل ہیں۔ وزارت نے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین اور ایم ایل اے امانت اللہ خان کو خط لکھ کر اس فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔ جن املاک کی واپسی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے وہ پہلے کسی وقت حکومت کے پاس تھیں۔ منموہن حکومت کے دوران یہ املاک وقف بورڈ کے حوالے کر دی گئی تھیں۔ نوٹس میں شہری وزارت کے تحت اراضی اور ترقی کے دفتر نے ضروری دستاویزات پیش کرنے کو کہا ہے جس میں بورڈ یہ بتا سکتا ہے کہ یہ جائیدادیں اسے کیوں دی جائیں۔


































